واشنگٹن ،5؍مارچ(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سابق صدر براک اوباما پر الزام لگایا ہے کہ انھوں نے ان کے منتخب ہونے سے ایک ماہ قبل ان کی فون کالز ٹیپ کی تھیں۔ہفتے کو صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائیٹ ٹوئٹر پرپوسٹ ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ افسوس ناک! ابھی معلوم ہوا ہے کہ اوباما نے ٹرمپ ٹاور میں میری جیت سے ایک ماہ قبل میرا فون ٹیپ کیا۔ کچھ نہیں ملا، یہ مشتبہ کارروائی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اس سے قبل عدالت نے فون ٹیپ کرنے کی درخواست مسترد کر دی تھی۔تاہم امریکی صدر نے اپنے اس دعویٰ کو صحیح ثابت کرنے کے لیے مزید کوئی معلومات فراہم نہیں کیں یا انھوں نے یہ بھی نہیں بتایا کہ وہ کس عدالتی فیصلے کی جانب اشارہ کر رہے ہیں۔چند ہفتے قبل بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی نے غیر ملکی خفیہ نگرانی کی عدالت سے گذشتہ سال وارنٹ طلب کیے تھے تاکہ ٹرمپ ٹیم میں شامل بعض ارکان کے مشتبہ طور پر روسی حکام کے ساتھ روابط کی نگرانی کی جائے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پہلے تو وارنٹ کی اس درخواست کو مسترد کر دیا گیا تھا تاہم بعد میں اکتوبر میں اسے منظور کر لیا گیا تھا۔اس حوالے سے کوئی سرکاری تصدیق نہیں ہوئی اور یہ بھی واضح نہیں ہے کہ کیا بعد میں اسے مکمل تحقیقات میں تبدیل کیا گیا تھا۔اوباما کے ترجمان کیون لوئس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اوباما انتظامیہ کا یہ اصول تھا کہ ان کی انتظامیہ کا کوئی بھی شخص کسی بھی عدالتی تفتیش میں کوئی مداخلت نہیں کرتا۔